بھٹکل یکم جولائی (ایس او نیوز) کورونا نے اب بھیانک روپ اپناتے ہوئے بھٹکل کے دو لوگوں کو اپنا شکار بنادیا ہے جس کے ساتھ ہی بھٹکل کے عوام میں کورونا کو لے کر تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ابتدا میں جب کورونا کے معاملات بھٹکل سے سامنے آرہے تھے تو تنظیم کے تعاون سے تعلقہ اور ضلعی انتظامیہ نے کورونا پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اب کورونا کا تازہ حملہ جان لیوا ثابت ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کل مینگلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں جس نوجوان کی موت واقع ہوئی تھی، اُس کی رپورٹ آج موصول ہوئی ہے اور وہ کورونا پوزیٹیو ہے۔ 30 سالہ اس نوجوان کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ بنگلور میں برسر روزگار تھا، 23 جون کو شادی کے لئے بھٹکل آیا تھا، 25 جون کو بھٹکل نوائط کالونی کے ایک شادی ہال میں شادی کی تقریب ہوئی تھی جس میں سو کے قریب لوگ شریک ہوئے تھے، بتایا گیا ہے کہ اچانک اسے بخار شروع ہوگیا، پہلے مقامی ڈاکٹروں کو دکھانے کی کوشش کی گئی، پھر 29 اور 30 جون کی درمیانی شب قریب تین بجے، جب اس کی حالت بہت زیادہ خراب ہوئی تو ا سے مینگلور لے جایا گیا، بتایا گیا ہے کہ مینگلور اسپتال پہنچنے کے قریب ایک گھنٹے کے اندر اس کی موت واقع ہوگئی۔ خبر ملی ہے کہ آج بدھ دوپہر قریب ڈھائی بجے سورتکل قبرستان میں اس کی تدفین عمل میں آئی۔
مینگلور میں ایک بھٹکلی شخص کی موت: جس وقت نوجوان کی تدفین عمل میں آئی، اُس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد مینگلور کے وینلاک اسپتال میں ایڈمٹ ایک 74 سالہ بھٹکلی شخص کی موت کی اطلاع موصول ہوئی، بتایا گیا ہے کہ مہلوک نوجوان ان کا قریبی رشتہ دار تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق انہیں 25 جون کو گردے میں تکلیف کی وجہ سے مینگلور پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں پہنچتے ہی انہیں اکسیجن میں رکھا گیا تھا، اگلے روز جب ان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی تو پھر انہیں سرکاری وینلاک اسپتال شفٹ کیا گیا تھا، آج ان کے انتقال کی خبر موصول ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کل منگل کو ان کے گھر کے تمام 12لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی تھی جس کے بعد تماموں کو سونارکیری سرکاری اسکول میں کورنٹائن کیا گیا ہے۔
مینگلور سے ملی جانکاری کے مطابق آج بدھ شام کو ہی مینگلور قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئے گی.
آج پھر گیارہ لوگوں کی رپورٹ پوزیٹیو: کل ایک ساتھ بھٹکل کے 21 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آنے کے بعد آج بدھ کو مزید 11 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دوروز قبل مینگلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں بھٹکل کے جس عمر رسیدہ شخصیت کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی تھی، اُن کے رابطے میں آنے والے نو لوگوں کی رپورٹ آج کورونا پوزیٹیو آئی ہے، اسی طرح وجے واڑہ سے چار پانچ دن قبل آنے والے دو لوگوں کی رپورٹ بھی آج کورونا پوزیٹیو آئی ہے۔